وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے  ملاقات   

18

اسلا م  آباد ،20 اپریل(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے  ملاقات  کی  ، دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ، اہم علاقائی و عالمی امور  ،  تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستانی پویلین کے قیام میں اماراتی حکومت کی بھرپور معاونت پر  اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور  کہا کہ پاکستان رواں سال اکتوبر میں متوقع “دبئی ایکسپو 2020” میں بھرپور شرکت کریگا اور اس ایکسپو کے ذریعے دنیا کی توجہ پاکستان کی تاریخ، جغرافیائی اہمیت، تہذیب و تمدن اور پاکستان میں کاروبار اور سیاحت کے میسر وسیع مواقعوں کی جانب مبذول کروائیں گے۔

وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے دوران ،یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معاونت کرنے اور پاکستانی ورک فورس کا خصوصی خیال رکھنے پر اماراتی وزیر خارجہ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے اماراتی ہم منصب کو ویزہ کے حصول میں مشکلات سمیت پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

اماراتی وزیر خارجہ  نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے  ابو ظہبی فنڈ سے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر” امدادی قرض”  کی  واپسی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر خارجہ نے اس خیر سگالی اقدام پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔

 واضح رہے کہ پاکستان  کو  ابوظہبی  فنڈ سے ملنے  والے دو ارب ڈالر امدادی قرض کی ادائیگی، 19 اپریل 2021 تک کرنا تھی۔

اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی گرانقدر خدمات کو سراہا ۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین “افغان امن عمل” سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے،اور  عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا  گیا۔

وزیر خارجہ نے دورہ ء یو اے ای کے دوران کیے گئے پرتپاک خیر مقدم اور بہترین میزبانی پر، اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو جلد دورہ ء پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کیا۔

 واضح رہے کہ یہ گذشتہ چار ماہ کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا متحدہ عرب امارات کا دوسرا دورہ ہے جو دونوں ممالک کے مابین مثبت سمت میں بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات اور اعلیٰ سطحی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔