پاکستان اور یو اے ای اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ اور دو طرفہ معاشی تعاون کے حجم میں اضافے کیلئے پر عزم ہیں؛ شاہ محمود قریشی

29

اسلام آباد،18اپریل  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یو اے ای اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ اور دو طرفہ معاشی تعاون کے حجم میں اضافے کیلئے پر عزم ہیں۔

یہ بات انہوں نے دبئی میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل امجد احمد علی کی جانب سے دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں ۔دونوں ممالک اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ اور دو طرفہ معاشی تعاون کے حجم میں اضافے کیلئے پر عزم ہیں۔

پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات نے کرونا وبا کے دوران ،قونصل خانے کی جانب سے فراہم کردہ بروقت معاونت کی تعریف کی۔

قبل ازیں  افطار ڈنر آمد پر قونصل جنرل احمد امجد علی اور قونصل خانے کے افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔شرکاء نے وزیر خارجہ کو متحدہ عرب امارات تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔