ڈپٹی کمشنر ملتان کی رمضان بازاروں میں شہریوں کو چینی کی فروخت میں یکساں پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت

19

ملتان، 22اپریل(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے رمضان بازاروں میں شہریوں کو چینی کی فروخت میں یکساں پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شہریوں کو بلا امتیاز مقررہ اصول کے مطابق چینی فراہم کی جائے اور  اگر چینی کی فراہم میں امتیاز پایا گیا تو رمضان بازار کے انچارج کے خلاف کارروائی ہو گی۔

یہ ہدایات ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے سی پی او منیر مسعود مارتھ کے ہمراہ رمضان بازاروں اور سبزی منڈی کے  دورہ کے موقع پر دیں۔

 ڈپٹی کمشنر  اور سی پی او نے منڈی میں سبزی اور پھلوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا اور پھلوں اور سبزیوں کے تھوک کے نرخ بھی چیک کئے اور مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے جاری ریٹ لسٹ میں پرچون فروش کے لئے مقرر کی گئی منافع کی شرح کی بھی پڑتال  کی۔

انہوں نے  شمس آباد اور ولائت حسین کالج گراونڈ  میں قائم رمضان بازاروں کا بھی دورہ کیا اور رمضان بازاروں میں مختلف سٹالز پر اشیائے ضروریہ کے نرخ اور معیار  کا جائزہ لیا۔

 ڈپٹی کمشنر نے  چینی اور آٹا خریدنے کے لئے آنیوالے ضعیف العمر افراد کو بیٹھنے کے لئے کرسیاں فراہم کرنیکی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں میں دھول مٹی اڑنے کے پیش نظر پانی کے مسلسل  چھڑکاؤ کا اہتمام کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ سبزی منڈی میں مقامی طور پر پیدا ہونیوالی سبزیوں کے نرخ انتہائی کم ہیں ، پرائس مجسٹریٹس مارکیٹوں میں سبزی کی دکانوں پر ریٹ لسٹ اور ریٹ بورڈ آویزاں کرنیکی شرط پر عملدرآمد کرائیں۔

 سی پی او منیر مسعود مارتھ نے رمضان بازاروں میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار رمضان بازاروں میں ڈسپلن قائم کرنے کے لئے کردار ادا کریں اور  رمضان بازاروں کےساتھ قائم پارکنگ ایریا کی سیکیورٹی پر نظر رکھی جائے،شہریوں کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔

چئیرمین مارکیٹ کمیٹی اکرم چاون اور سیکرٹری اعجاز سلیم بھی انکے ہمراہ تھے۔