کرپشن کے خاتمے کے لیے نظام میں تبدیلیاں ضروری ہیں، سینئر شہریوں کے لیے 20 موبائل یونٹس کام کر رہے ہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق عوان

32

لاہور،08اپریل(اے پی پی): معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق عوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے نظام میں تبدیلیاں ضروری ہیں، صوبے میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، ڈیجیٹل پنجاب بنانے کے لیے ایف بی آر ادرے میں ڈیجیٹلائزیشن لانا آسان کام نہیں تھا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں اراضی ریکارڈ سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، صوبے بھر میں 115 ریکارڈ سنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، معزور اور سینئر شہریوں کے لیے 20 موبائل یونٹس کام کر رہے ہیں، صوبے میں اس سال کے آخر میں مزید اراضی سینٹرز اور موبائل یونٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے بدعنوانیوں کا خاتمہ ہو گا، 100 تحصیلوں میں ڈیجیٹلائزیشن میکانزم اپڈیٹ ہو چکا ہے، جمع بندی کی اپ گریڈیشن کا عمل اب آن لائن ہوا کرے گا،گزشتہ سال متعلقہ ادارے کو ریوینیو کا ٹارگٹ 73 ارب دیا گیا تھا جس کی ریکوری 76 ارب کی گئی، زراعت سے جڑے زمین داروں سے زرعی ٹیکس کی وصولی اہم ذمہ داری ہے، 15.7 ارب کا ریونیو زرعی انکم ٹیکس کی شکل میں جمع کیا گیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق عوان نے کہا کہ جعلی اشٹام فروشوں اور جعلی انتقال کرنے والے گروہ کو قانونی شکنجے میں لانے کے لئے حکومت پنجاب ای-اسٹیمپنگ اور عوام کو من پسند نرخوں سے بچانے کے لئے ای-پے سسٹم متعارف کروانے جا رہی ہے، اوور سیز پاکستانیوں کے ساتھ درد اور احساس کا رشتہ ہے، اوور سیز پاکستانی اب 4 ممالک میں موجود 14 سفارتخانوں میں ہی اپنی پراپرٹیز کے مسائل حل کر سکتے ہیں اس کے علاوہ کرپشن کو روکنے کے لئے ریونیو اکیڈمی بنانے جا رہے ہیں جس میں سٹاف کی جدید سسٹم کے حوالے سے ٹریننگ، کپیسٹی بلڈنگ اور ان  کو اورینٹیشن دی جائے گی۔