او آئی سی وزرائے خارجہ کے ورچوئل اجلاس میں وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق وزیر خارجہ، پاکستانی قوم اور حکومت کا بھر پور موقف پیش کریں گے؛حافظ طاہر اشرفی

30

اسلام آباد،15مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون کی تنطیم (او آئی سی)کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزرائے خارجہ کا ورچوئل اجلاس  اتوار( 16 مئی) کو ہونے جا رہا ہے، ہم امید کرتے ہیں کے امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کے مرکز ارض الحرمین الشریفین سے اس اجلاس کے بعد جو آواز بلند ہو گی اس سے اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ رکے گا، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی پاکستانی قوم اور پاکستانی حکومت کا اس حوالے سے بھر پور موقف پیش کریں گے۔

ہفتہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون کی تنظیم خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیر کی سربراہی میں کام کر رہی ہے، جو صورتحال فلسطین میں ہو رہی ہے، جو قیامت برپا ہے، جس طرح وہاں قتل عام ہو رہا ہے، امت مسلمہ اس اجلاس سے بہت ساری توقعات رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اس اجلاس میں پاکستانی قوم اور پاکستانی حکومت کا اس حوالے سے بھر پور موقف پیش کریں گے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ  خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزاور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے درمیان اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان گزشتہ تین روز کے دوران جوگفتگو ہوئی ہے، میں سمجھتا ہوں وہی امت کے مسائل کا حل اور امت کی وحدت اور اتحاد اور فلسطین کی آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کا حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی فلسطین کی مدد فرمائے اور ظالموں کو ہدایت دے اور اگر ان کے مقدر میں ہدایت نہیں ہے تو انہیں تباہ و برباد فرمائے۔