الخدمت فاؤنڈیشن کے پی، نے 3روزہ فری آئی کیمپس میں 2260مریضوں کامعائنہ اور 120 مفت آپریشن کئے

24

پشاور، 5جولائی(اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا نے معروف فلاحی ادارے ڈوگر ویلفئر ٹرسٹ کے اشتراک سے صوبہ خیبر پختونخوا کے تین اضلاع دیر بالا، باجوڑ اور بونیر میں تین روزہ فری آئی کیمپس منعقد کئے جس میں معروف آئی سرجن ڈاکٹر محمد خالد ڈوگراور الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی ہیلتھ پروگرام آفیسر عبدالرازق کی نگرانی میں تجربہ کار ماہرین امراض چشم نے مجمومی طور پر 2260 مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور 120مریضوں کے آپریشن کرکے انہیں مفت ادویات، لینزز اور  عینک بھی فراہم کئے ۔

الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے ترجمان نورالواحد جدون کے مطابق الخدمت ہسپتال سواڑی ضلع بونیر میں تین روزہ فری آئی کیمپ کا افتتاح الخدمت فاؤنڈیشن بونیر کے سرپرست محمد حلیم باچا نے کیا جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر سید شاہ روم باچا کی نگرانی میں منعقدہ تین روزہ فری آئی کیمپ میں پہلے روز 90 مریضوں کا معائنہ دوسرے روز 155مریضوں کا معائنہ اور تیسرے روز 147مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ 10 آپریشن کئے گئے۔

ضلع دیر بالا میں ضلعی صدر اکرام اللہ اور سابق رکن صوبائی ملک بہرام خان کی نگرانی میں پہلے روز 358مریضوں،دوسرے دن 473 مریضوں اور تیسرے روز 542 مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ 67 مریضوں کے آپریشن کئے گئے اور اسطرح ضلع باجوڑ میں الخدمت کے ضلعی صدرشیر زادہ اور قاری عبدالمجید کی زیر نگرانی فری آئی کیمپ کے پہلے روز 106مریضوں، دوسرے روز 185مریضوں اور تیسرے روز 495 مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور 43 مریضوں کے مفت آپریشن بھی کئے گئے۔

الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا اور معروف فلاحی ادارے ڈوگر ویلفئر ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ ان فری آئی کیمپس میں مریضوں کے آپریشن کے علاوہ انہیں ادویات، لینرز اور عینکیں بھی فراہم کی گئیں۔