رحیم یار خان؛ ڈپٹی کمشنر کا جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے اور تلف کرنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مقامات کا دورہ

9

رحیم یار خان، 22جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے شہر میں عید الاضحی کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے اور تلف کرنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے ضلعی کنٹرول روم میں قائم شکایات سیل کے دورہ پر شہریوں کی جانب سے موصول شکایات اور ان کے ازالہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر انہوں نے ضلعی کنٹرول روم میں شکایات درج کرانے والے شہریوں سے بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے میونسپل عملہ کی کارکردگی بارے معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلعی کنٹرول روم میں قائم شکایات سیل کے عملہ کی کارکردگی کو سراہا، بعد ازاں انہوں نے شاہی روڈ، ریلوے روڈ، فیصل روڈ، ائیر پورٹ روڈ ، سرکلر روڈ، وائرلیس پُل ، اڈا گلمرگ، نیازی کالونی، فوجی چھاﺅنی چوک، جناح پارک، ہسپتال روڈ، خواجہ فرید کالج روڈ، خانپور اڈا سمیت دیگر مقامات اور کلیکشن پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مﺅ مبارک میں قائم کردہ ڈمپنگ سائیٹ کا بھی دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ضلع کو مختلف زون میں تقسیم کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن عملہ کے ساتھ دیگر محکموں کے افسران کو بھی مختلف علاقوں میں ذمہ داریاں تفویض کی تھیں تاکہ وہ میونسپل عملہ کی کارکردگی اور صفائی کی مجموعی صورتحال کا مشاہدہ کرتے ہوئے اپنی آراءسے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر محکموں کے افسران متحرک ہیں اور عید الاضحی کے تین ایام میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی تلفی کے ساتھ صفائی و سیوریج کی مجموعی صورتحال کو بھی کنٹرول میں رکھنے کے لئے اپنا کردار اد اکر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 760میٹرک ٹن آلائشیں اٹھائی جا چکی ہیں جبکہ صفائی آپریشن تین روز تک جاری رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیل و ضلعی سطح پر قائم شکایات سیل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے اور ضلع بھر میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی تسلی بخش ہے جبکہ صفائی برقرار رکھنے میں شہریوں کی جانب سے بھی مثالی کردار ادا کیا جا رہا ہے ، شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بلدیاتی اداروں کی جانب سے بنائے گئے کلیکشن پوائنٹس پر لا رہے ہیں یا شاپنگ بیگ میں ڈال کر گھروں کے باہر رکھ رہے ہیں جسے عملہ اٹھا رہا ہے۔انہوں نے صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کے افسران و عملہ کو شاباش دی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر) ریاست علی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت قدیرگورائیہ سمیت دیگر موجود تھے۔