وزیراعلیٰ محمود خان کا پشاور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ،صفائی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

17

پشاور، 21جولائی(اے پی پی):  وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان عوامی خدمت کیلئے عید کے دن بھی متحرک رہے اور ضلع پشاور کے مختلف علاقوں کے اچانک دورہ پر نکل آئے اور بغیر پروٹوکول کے شہر میں بارش کے بعد صورتحال ،  صفائی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

 وزیراعلی نے دلہ ذاک روڈ ، اندرون شہر ، ڈبگری گارڈن ، رنگ روڈ ، پشاور صدر ، کوہاٹ روڈ ، جی ٹی روڈ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور دلہ ذاک روڈ اور محلقہ علاقوں میں صفائی اور نکاسی آب کی ابتر صورتحال پر  برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس پی کے ایریا انچارچ کو معطل کردیا ۔

اس موقع پر  وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو فوری طور پر شہر بھر کی صفائی و نکاسی آب کے انتظامات کرنے اور صوبائی وزیر بلدیات کو تمام ٹی ایم ایز سے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے تمام اداروں کو شام تک شہر بھر کی صفائی اور نکاسی آب کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تاہم عوام بھی عید میں کورونا ایس او پیز کا خیال رکھیں اور عملہ صفائی کے ساتھ تعاون کریں۔