سکھر:پانی کی عدم فراہمی ، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور دیگر مسائل حل نہ ہونے پر میونسپل اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف ریلی نکالی گئی

88

سکھر،یکم جولائی(اے پی پی ): پانی کی عدم فراہمی ، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور دیگرمسائل حل نہ ہونے پرمیونسپل اور ضلعی انتظامیہ کیخلاف سکھرالائنس کے تحت احتجاجی تحریک کا آغازکردیا گیا ہے۔

اس  موقع  پر سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی کال پر شہر میں ریلی نکالی گئی جس کی صدارت سکھرالائنس کے صدر حاجی جاوید میمن نے کی۔ریلی کپڑہ مارکیٹ سے نکالی گئی، شرکاءنے مختلف بازاروں کا گشت کرتے ہوئے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔

راہنماوں کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کے کنارے پر آباد ہونے کے باوجود سکھرکے شہری پینے کے صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شہری علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں، صاف کرنے کے لیے بھرتی کیا گیا عملہ منتخب نمائندوں کے بنگلوں پر حاضریاں لگا کر اپنی ذمہ داری نبھارہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ شہر کی بگڑی ہوئی حالت دیکھ کر شہر کے سماجی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہری مسائل پر فی الفور توجہ دے کر انہیں حل کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔