گورنر سندھ کاعالم دین ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کے انتقال پر تعزیت کے لئے جامعتہ الاسلامیہ بنوریہ ٹاؤ ن کا دورہ

96

 

کراچی،2جولائی  (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جید عالم دین ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کے انتقال پر تعزیت کے لئے جامعتہ الاسلامیہ بنوریہ ٹائو ن کا جمعہ کے روز دورہ کیا۔ گورنر سندھ نے مرحوم کے صاحبزادوں ڈاکٹر سعید عبدالرزاق اور مفتی یوسف عبدالرزاق کے علاوہ جامعتہ میں موجود علما اوراساتذہ سے ملاقات کی، اور جامعتہ کے مہتمم اعلی کی رحلت پر تعزیت کی، انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کی لئے دعا بھی کی۔

 بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مرحوم آخری سانس تک دین اسلام کی ترویج اور تبلیغ سے منسلک رہے، دین کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نے بحیثیت صدر وفاق المدارس دینی درسگاہوں میں اصلاحات اور بین المسالک ہم آہنگی کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس موقع پر مولانا سید سلیمان بنوری، مولانا امداد اللہ، مولانا سید احمد پرست بنوری، قاری محمد اقبال، مفتی رفیق احمد، مولانا سلیم الدین، مولانا رضااللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔