ہمیں اپنے مستقبل اور اپنے بچوں کی بہتری کے لئے ایماندار، سچے اور نڈر لیڈرز کو منتخب کرنا ہوگا؛ وفاقی وزیر علی امین خان گنڈا پور

7

دھیرکوٹ ،14جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان  گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے مستقبل اور اپنے بچوں کی بہتری کے لئے ایماندار، سچے اور نڈر لیڈرز کو منتخب کرنا ہوگا، ماضی کے حکمرانوں نے کشمیر کی ترقی اور عوام کی فلاح بہبود کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے، ہم دھیرکوٹ کے لوگوں کو ان کے علاقے میں ہسپتال بنا کر دیں گے، ہم گلگت بلتستان کی طرح کشمیر کو بھی اربوں روپے کا پیکج دیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو دھیر کوٹ آزاد کشمیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے پاکستان اور آزاد کشمیر کو ترقی دینے کی بجائے اپنے بچوں اور اپنی جیبوں کو ترقی دی، پاکستان تحریک انصاف نے ایسے عناصر کو چیلنج کیا جنہوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا اور اپنی جیبیں بھری۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس ووٹ کی ایک ایسی طاقت ہے جو آپ کا اور آپ کے بچوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی، ہمیں مستقبل میں اپنے بچوں کی بہتری کے لئے ایماندار، سچے اور نڈر لیڈرز کو منتخب کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر علی امین  خان گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جب وزیراعظم کا حلف لیا تو قومی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر میں کہا کہ اگر ہندوستان سے بات ہوگی تو پہلے کشمیر پر بات ہوگی ورنہ کوئی بات نہیں ہوگی، وزیراعظم عمران خان ہی وہ حقیقی لیڈر ہیں جو اپنی قوم اور کشمیری عوام کی امنگوں کی صحیح معنوں میں عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب کشمیر کے عوام کو بھی صحت کارڈ جاری ہو گئے تو عوام کو اب علاج کے لئے اسلام آباد نہیں جانا پڑے گا بلکہ ہم آزاد کشمیر میں ہی ہسپتال بنائیں گے جہاں بہترین علاج کی سہولتیں میسر ہوں گی، ہم آزاد کشمیر کے پسماندہ علاقوں کی پسماندگی دور کریں گے، یہاں کے عوام کو اپنے علاقوں میں ہی بہتر تعلیم کے مواقع میسر ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ تاریخ میں کبھی کسی لیڈر نے کشمیر کا مقدمہ اس انداز سے نہیں لڑا جیسے وزیراعظم عمران خان لڑ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور عالمی طاقتوں کو یہ باور کرایا کہ خطے کے مستقل امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل بہت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر علی امین  خان گنڈاپور  نے بشارت شہید روڈ کی کشادگی اور  تعمیر، چھپڑیاں، گھوڑی کیل روڈ اور رنگلہ روڈ کی کشادگی اور تعمیر نو کا اعلان بھی کیا۔