کوئٹہ،13اگست(اے پی پی ): صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو کی زیرصدارت ہزارہ برادری کی سلامتی کے لیے کمیشن کا پہلا اجلاس جمعہ کو یہاں سیکرٹری داخلہ آفس میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں ہزارہ کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حوالے سے اے سی ایس داخلہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ہزارہ کمیونٹی کے مسائل کے حل ،آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی طور پر متعلقہ اداروں کے اعلی حکام نے بریفنگ دی۔ اجلاس کے شرکاءنے اس امر پر اتفاق کیا کہ کمیونٹی سے متعلق لوگوں سے مسائل جاننے کے لیے آئندہ میٹنگ میں متعلقہ لوگوں کے اکابرین سے ملاقاتیں کی جائے گی، جسں پر ان کے مسائل و دیگر معاملات کے بارے میں مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ہزارہ کمیونٹی کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ اجلاس کا مقصد ہزارہ کمیونٹی کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں اور ہم سب پاکستانی ہیں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ ہزارہ کمیونٹی ہمیشہ کی طرح ہر معاملے میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی –
اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان سمیت تمام اعلی حکام کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ہزارہ کمیونٹی ہمیشہ کی طرح ہر معاملے میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی۔
صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ نے ہزارہ کمیونٹی کو امان وامان ہسپتال ، اسکالرشپ پاسپورٹ ،نادرا، بے روزگاری، جیسے مسائل کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا ۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ارشد مجید، آئی جی ایف سی نارتھ برگیڈیئر عزفان،ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرام ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ طفیل بلوچ، ڈی جی لیویز قادربخش پرکانی، اے آئی جی آپریشن رضوان گوندل، و دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔











