ملتان؛ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے غیر قانونی طور پر قائم نجی سکولوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی

37

ملتان، 07 اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے غیر قانونی طور پر قائم نجی سکولوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی ہے،ضلع بھر میں بغیر نقشہ منظوری اور جعلی رجسٹریشن کے حامل سکولز کے سروے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، نقشہ منظوری اور بلڈنگ  فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی نجی سکول کو رجسٹرڈ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی صدارت میں ڈسٹرک ایجوکیشن رجسٹریشن اتھارٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں نئے نجی سکولز کی رجسٹریشن اور تعلیمی معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری علاقوں میں ٹریفک مسائل کا موجب بننے والے سکولز کو پارکنگ پلان دینا ہوگا اور  تعلیمی اداروں کی عمارات کی فزیکل انسپکشن فیل ہونے پر فوری رجسٹریشن کینسل کی جائے۔انہوں  نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے یکساں نصاب تعلیم متعارف کرایا ہے، نجی سکولز کی فیسوں اور دیگر معاملات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ، لاک ڈاؤن کے بعد تعلیمی سسٹم کرونا ایس او پیز کے تحت بحال کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں مختلف نجی سکولز کی رجسٹریشن کیسز کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔