مری،07اگست(اے پی پی):تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری کے ایم ایس ڈاکٹرعبدالسلام نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہرآنے والا یوم آزادی ہمارے لیے خوشیوں کا پیغام لے کر آتا ہے، آج ہمارے دل خوشیوں سے لبریزاور آنکھیں خوشی سے سرشار ہیں، بلاشبہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے۔
ان خیالات کا اظہار تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری کے ایم ایس ڈاکٹرعبدالسلام نے پنجاب آرٹس کونسل میں منعقدہ ڈیجیٹل آرٹ پر مبنی ‘بیوٹی آف پاکستان’نمائش کا ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محمد شکور کے ہمراہ افتتاح کرنے کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی رہنما قائداعظم محمد علی جناح اور لاکھوں مسلمانوں کی لازوال کوششوں سے آج یہ دن آیا ہے کہ ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، ہم سب کو مل کر اس سرزمین کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔
اس کے علاوہ جشن آزادی کو بھرپور انداز سے منانے کے لیے پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے جی پی او سے چنار چوک تک کلچرل فلیگ ریلی کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں شہ پال گروپ نے شہنائی اور ڈھول کا مظاہرہ کیا۔ ریلی میں مرکزی انجمن تاجران کے صدرطفیل اخلاق واجد عباسی، الیکٹرونک میڈیا مری کے صدر امقامی افراد اور سیاحوں نے شرکت کی۔











