ملتان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی( ایم ڈی اے) ون ونڈو سیل کی از سر نو تشکیل کی جائے، ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم

91

ملتان 06 آگست ( اےپی پی): ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا کہ ایم ڈی اے ون ونڈو سیل کی از سر نو  تشکیل کی جائے۔ ایم ڈی اے ون ونڈو سیل ایسی بہترین بنیادوں پر تشکیل دیا جائے کہ کسی سائل کو اپنے مسئلے کے حل کے لئے ون ونڈو  آپریشن کے بعد متعلقہ آفس میں جانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ ون ونڈو سیل سے وابستہ سائلین کی سہولت کے لئے روبو کال کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

 ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے شعبہ فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن اور اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ ڈائریکٹو ریٹ سٹاف سے بریفنگ کے دوران کیا۔ ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن ایم ڈی اے شاکر عباس بزدار اور ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ طاہر شاہ نے اپنے اپنے شعبہ جات کی بریفنگ پیش کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم ڈی اے بلڈنگ کے تمام CCTV کیمرے متحرک کئے جائیں۔اور ان کی ریکارڈ نگ با قاعدہ محفوظ کی جائے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے عارف ضیاء گجر اور ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن شاکر عباس بزدار کے آفس میں ان کیمرہ جات کا کنکشن دیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل  نے ہدایت کی کہ ملتان شہر کے پھیلاؤ کے مطابق انفورسمنٹ کے حوالے سے نیا آرگینوگرام تیار کیا جائے۔ اور اس کے لئے با قاعدہ ایک رپورٹ تیار کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن  آفس، کمپیوٹر آفس اور ون ونڈو سیل مکمل آہنگی  کے ساتھ کام کریں۔ تاکہ ون ونڈو کے ذریعے دیگر عوامی مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ  پراپرٹی ٹرانسفر کیس بھی  ون ونڈو سیل میں ہی مکمل کئے جائیں۔ پرائم منسٹر پورٹل کمپلینٹ سیل  کے حوالے سے ملنے والی شکایات کو بھی ون ونڈو سیل کے ساتھ منسلک کرنے کے احکامات جاری کر دئے گئے۔ ان تمام اقدامات کی نگرانی ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن شاکر عباس بزدار کو سونپ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ طاہر شاہ کو ہدایت کی کہ سیکشن 4 کے تحت ایکوائر کی گئی تمام لینڈ کو فوری طور پر محکمے کے نام منتقل کیا جائے۔