وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کور کمانڈر لاہور محمد عبدالعزیز، صوبائی وزراء راجہ بشارت، یاسمین راشد، اعلیٰ سول و عسکری حکام کی شرکت

22

لاہور، 7اگست (اے پی پی):  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز،جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،انسپکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی نے کوروناکی چوتھی لہر پر قابو پانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ضروری اقدامات بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں صوبے کے زیادہ سے زیادہ شہریوں کی کورونا  ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسداد کورونا کیلئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے اور انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے انتظامی اقدامات کئے جائیں گے۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کورونا سے نمٹنے کیلئے عسکری قیادت کی جانب سے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے کورونا کی چوتھی لہر پر قابو پانے کیلئے سول حکومت کی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔پنجاب حکومت کی پوری ٹیم انتہائی محنت کے ساتھ کورونا کی چوتھی لہر پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدا رکی قیادت میں صوبائی حکومت کی ٹیم کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔کور کمانڈر لاہور نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے سول حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مشکل وقت میں ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔پنجاب میں تقریباً 2 کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔کورونا کی چوتھی لہر پر قابو پانے کیلئے ہر ضروری اقدام پہلے بھی اٹھایا ہے اور آئندہ بھی اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے کورونا سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ مشترکہ اقدامات، اجتماعی بصیرت اور موثر حکمت عملی کے ذریعے چیلنج پر قابو پائیں گے اور زمینی صورتحال کا جائزہ لے کرعوام کی زندگیاں محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے۔ اجلاس کے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران 5 لاکھ 55 ہزار افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں 14 اگست تک 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین لگوائیں اور کورونا سے محفوظ رہیں۔  صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے جامع پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا اور محرم الحرام کے دوران بھائی چارے اورمذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر بھی موثر انداز میں عملدرآمد کرایا جائے گا۔ وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس کے شرکاء کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ہسپتالوں میں داخل تقریباً 84 فیصد سے زائد مریضوں نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی۔ویکسین لگوانے والے مریضوں میں کورونا کی علامات کی شدت زیادہ نہیں ہوتی۔ سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن نے کورونا کی صورتحال، مریضوں کی تعداد، ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں اور ویکسینیشن کے عمل کے بارے میں اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔