لاہور،13اگست (اے پی پی):بانی بابا گرونانک سوسائٹی سردار بھشن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان سکھ برادری کے لئے ایک مقدس سرزمین ہے، اس کی حفاظت کے لئے اپنی جان بھی قربان کردیں گے، ہمارے آبائواجداد نے اپنا لہو دے کر اس ملک کو آزاد کروایا ، ہمارا فرض ہے کہ اس کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردا ر ادا کریں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سردار بھشن سنگھ نے کہا کہ تمام پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے اپنا لہو دے کر اس ملک کو آزاد کروایا ، ہمارا فرض ہے کہ اس کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردا ر ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اقلیتوں کے لیے اگر کوئی محفوظ جگہ ہے تو وہ پاکستان ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جس پر ہم حکومت کے شکر گزار ہیں۔
سردار بھشن سنگھ نے کہاکہ ہمیں مذہب سے بالاتر ہوکر سب سے پہلے پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا کردا ر نبھانا ہو گا، اس ملک کی آزادی کے لیے کل بھی پاک فوج اور حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں ،کسی کو اس ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے۔انہوں نے کہا تمام قوم 14 اگست کو یوم آزادی بھرپور طریقے سے منا رہی ہے ، ہمیں اس موقع پر اپنے قومی پرچم کی حرمت کا بھی خیال رکھنا چاہیے، گلی محلوں ، گھروں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں لگاتے وقت اس کو زمین پر نہیں گرنے دینا چاہیے کیونکہ جس طرح یہ ملک مقدس ہے ہمارا قوم پرچم بھی اتنا ہی مقدس ہے۔











