پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا؛خلیل طاہر سندھو

11

لاہور،13اگست  (اے پی پی):سابق وزیر اقلیتی امور پنجاب خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

یوم آزادی کے حوالے سے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ وطن ہے تو ہم ہیں ہمارا سب کچھ اس مٹی سے وابستہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے جن مقاصد کیلئے یہ ملک حاصل کیا تھا ہمیں ان کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد کرنی چاہیئے اور اس کی ترقی کیلئے اپنا اپنا حصہ ڈالنا چاہیئے۔

خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا، یہ ایک پھول ہے اور اس کو شاداب بنانے کیلئے ہمیں خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک ملک کی بات ہے اس میں ہماری کوئی پارٹی نہیں اس میں ہم سب پاکستانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جس طرح ہمارے آبائو اجداد نے قربانیاں دے کرحاصل کیا ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم اس کی ترقی کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کریں۔