احساس پروگرام کے تحت 80لاکھ مستحق خاندانوں کی خواتین کی مالی شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے؛ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر

12

 

اسلام آباد، 27ستمبر(اے پی پی ): معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ  خواتین کی سماجی و معاشی خودمختاری حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔احساس پروگرام کے تحت 80لاکھ مستحق خاندانوں کی خواتین کی مالی شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے  حکومت پاکستان کے زیراہتمام اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ذیلی اجلاس بعنوان خواتین کی ترقی سے صدارتی خطاب میں کیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر ثانیہ نے احساس کی 50فیصد و زائد مراعاتی پالیسی برائے ترقی نسواں پر روشنی ڈالی۔ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ  پاکستان  میں لڑکیوں کی تعلیم  کیلئے  اعلیٰ ثانوی تعلیم تک احساس وظائف کی رقوم لڑکوں کی نسبت زیادہ مقرر ہیں۔   احساس کے تحت خواتین کی ترقی کی مرکزی حیثیت پر انہوں نے مزید بتایا کہ احساس میں  کارکردگی کو صنفی بنیادوں پرخاص طور پر جانچا جاتا ہے تاکہ خواتین کی سماجی و معاشی  شمولیت وترقی ممکن ہو۔

اجلاس کا انعقاد اقوام متحدہ نیو یارک میں پاکستان کے مستقل مشن اورUNDESAکی مشترکہ میزبانی میں کیا گیا۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب   منیر اکرم نے اجلاس کا آغاز کیا۔اجلاس میں اقوام عالم کے سامنے خواتین کی تعلیم و معاشی خودمختاری کی اہمیت اجاگرکی گئی۔ دیگر مقررین میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرلUNDESA، یو این ڈی پی کےاسسٹنٹ سیکریٹری جنرل و ریجنل ڈائریکٹر یورپ و وسطی ایشیا، یو این ویمن کی ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شامل تھے۔