جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مالی اور انتظامی طور پر اختیارات دے دیئے گئے ہیں؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر

7

ملتان، 23ستمبر(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے رولز آف بزنس میں ترمیم کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ  حکومت جنوبی پنجاب پنجاب کے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا چاہتی ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مالی اور انتظامی طور پر اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔

وہ رولز آف بزنس میں ترمیم کے بعد ساوتھ پنجاب سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہاکہ گریڈ 18کے افسران کے تبادلے کا اختیار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو دے دیا گیا ہے جبکہ گریڈ18سے اوپر کے افسران کے تبادلوں کے لئے رولز آف بزنس  کو فالو کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کو صوبائی سیکرٹریز کی طرح ترقی،  تبادلوں اور بھرتی کے اختیارات بھی دے دئے گئے۔ساوتھ پنجاب کے سیکرٹریز سرکاری امور میں غفلت پر انکوائری اور سزا کا بھی فیصلہ کر سکیں گے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے محکموں کو صوبائی سیکرٹریٹ کی طرح دو محکموں میں تقسیم کر دیا گیا۔کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کو گریڈ1سے16 سکیل  تک بھرتیوں کے اختیارات دے دئے گئے ہیں۔اسی طرح گورنمنٹ کی پالیسی کے مطابق جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کنٹریکٹ اور ایڈہاک بھرتی بھی کی جاسکے گی اور سرکاری ملازمین کو دوسرے محکموں میں ڈیپوٹیشن پر بھیجنے کے احکامات جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے جاری ہونگے جبکہ گریڈ1 سے18 تک ملازمین کومیڈیکل،جی پی فنڈ اور دیگر امور کے لئے لاہور نہیں جانا پڑے گا۔

کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے مزید بتایاکہ جنوبی پنجاب کی مختلف اتھارٹیز کو بھی  سیکرٹریٹ کے ماتحت کر دیا گیا،ضرورت پڑنے پر رولز آف بزنس میں مزید ترامیم بھی کی جائیں گی اور وقت کے ساتھ ساتھ مزید ڈیپارٹمنٹ بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو منتقل کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مختلف معاملات پر وزیراعلیٰ کو سمری بھجوانے کا اختیار دیا جارہا ہے۔اس سلسلے میں جلد نوٹی فکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

انہوں نے جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ میں ای فائلنگ سسٹم لانچ کرنے کے پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ماڈل پراجیکٹ کے طور پر اگلے ماہ  محکمہ زراعت میں ای فائلنگ سسٹم لانچ کر دیا جائے۔

اجلاس میں محکمہ تعلیم،زراعت، ایری گیشن ، ہاوسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ،محکمہ خزانہ،لوکل گورنمنٹ،جنگلات،فشریز اور وائلڈ لائف، سروسز ،لوکل گورنمنٹ کے سیکرٹریز اور  ایڈیشنل سیکرٹری آئی اینڈ سی نے شرکت کی۔