ایبٹ آباد،27 ستمبر(اے پی پی ): سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر THS اور PSO کے اشتراک سے ملک بھر سے درجنوں ہیوی بائیکسٹ نے گلیات میں ہیوی بائیکس ریلی کا انعقاد کیا،ریلی میں 30 سے زائد ہیوی بائیکس نے شرکت کی اور گلیات کی درختوں سے ڈھکی اور بل کھاتی سڑکوں پر اپنی کمال مہارت کے جوہر دکھائے۔ ایونٹ کا مقصد دنیا کو یہ باور کروانا ہے کہ پاکستان سیاحت کے لئے محفوظ ترین ملک ہے۔
اس حوالے سے دی ہارلے سٹور لاہور کے منتظمین نے کہا کہ ریلی کا مقصد موٹر سپورٹس کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی کا کوئی خطرہ نہیں اور ہمارے شمالی علاقہ جات دنیا کے خوبصورت ترین علاقے ہیں۔
ترجمان جی ڈی اے احسن حمید نے کہا کہ ایونٹ کا مقصد صحتمندانہ سرگرمیوں کے ذریعے دنیا کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے لئے بے پناہ مواقعے ہیں۔
ریلی کے اختتام پر منتظمیں کی جانب سے ورلڈ ٹورازم ڈے کے موقع پر مختلف جامعات کے طلباء اور طلبات کیلئے آگہی واک کا اہتمام بھی کیاگیا۔