ملتان : ڈی جی ایم ڈی اے کا فاطمہ جناح ٹاؤن کا دورہ، شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے

73

ملتان، 03 ستمبر 2021(اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے فاطمہ جناح ٹاؤن کا دورہ کیا اور شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں شجر کاری مہم کو تیز کیا جائے،بڑے سائز کے پھل دار سایہ دینے والے مقامی پودے زیادہ تعداد میں لگائے جائیں اور پہلے سے موجود درختوں اور پودوں کی حفاظت کے لئے سکیورٹی تعینات کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پودوں کی آبیاری کے لیے واٹر باوزر کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

ڈی جی  ایم ڈی اے نے کہا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں شجر کاری کے لئے شہر کے دوسرے ادارے بھی پودے دینے کے خواہشمند ہیں، ان اداروں سے مسلسل رابطہ رکھنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے فاطمہ جناح ٹاؤن کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور  انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں رہائش پذیر آلاٹیز کے مسائل حل کرنے کے لئے ٹاؤن میں ہی آفس قائم کیا جائے اور عملہ تعینات کیا جائے تاکہ آلاٹیز کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ دوسرے مسائل کے حل کے لئے اقدامات ہو سکیں۔

اس موقع پر ایکسین رانا محمد وسیم و دیگر سٹاف ان کے ہمراہ تھے۔