وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ڈینگی کنٹرول عملے کی کا رکردگی کو مانیٹرکرنے کی ہدایت

7

لاہور، 27 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار  نے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات مزید موثر بنانے  کیلئے  ڈینگی کنٹرول   عملے کی کا رکردگی کو مانیٹرکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی کو کنٹرول اوربچاؤ کے اقدامات میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

ان  خیالات کا اظہار  انہوں  نے  ایک اعلیٰ  سطحی   اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں صوبہ بھر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ڈینگی کے پھیلاؤ کے اسباب پر غور،تجاویز اورسفارشات پیش کی گئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار   نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے غلط رپورٹنگ پر کارروائی کی جائے،پنجاب میں تمام سرکاری ہسپتال ڈینگی کے حوالے سے پوری طرح الرٹ ہیں، پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈ پوری طرح فنکشنل ہے،غیر ضروری سپرے کے نقصانات سے عوام کو آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونااور ڈینگی کے ساتھ بیک وقت نمٹنا چیلنج ہے،متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔

 محکمہ صحت اوردیگرانتظامی حکام کی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ڈینگی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ   میں بتایا گیا کہ غیر ضروری سپرے انسانی صحت کیلئے مضرثابت ہوسکتا ہے،ممکنہ ڈینگی مریضوں کے لئے ادویات اوردیگر ضروری طبی سامان فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

وزیر صحت،چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن،سیکرٹری سکول ایجوکیشن،سیکرٹری انفارمیشن،چیئرمین پی آئی ٹی بی اوردیگر متعلقہ حکام کی شرکت-کمشنر راولپنڈی۔ملتان۔فیصل آباد اور گوجرانولہ کی ویڈیو لنک سے شرکت کی ۔