ماضی میں منصوبے کم اورناجائز اثاثے زیادہ بنائے گئے؛وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

10

لاہور، 27 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست دم توڑ چکی ہے، شوبازیوں کا وقت گزرچکا،عوامی خدمت کے سامنے شعبدہ بازوں کی سیاست کی کوئی وقعت نہیں، ماضی میں منصوبے کم اورناجائز اثاثے زیادہ بنائے گئے۔

ان خیالات کا اظہاروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے رہنما وسابق ضلع ناظم ساہیوال رائے حسن نواز سے ملاقات میں کیا۔ملاقات  میں عمومی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ 10سال ڈرامے ہوتے رہے،عوام نے 2018ء کے الیکشن میں کرپٹ سیاستدانوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کردی، آئندہ الیکشن میں اپنی شکست دیکھ کر اپوزیشن نے ابھی سے رونادھونا شروع کردیاہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ 2023ء کے الیکشن میں صرف شفاف اورایماندار قیادت ہی آگے آئے گی، کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا،ہمارے عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دیں گے کیونکہ ہمارا ہر لمحہ عوام کو بہتر مستقبل دینے کیلئے وقف ہے۔

 رائے حسن نواز نے وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم کی قیادت میں پارٹی کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔