وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور

15

نیویارک،25ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ   مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے  ہوئے  کہا   ہے کہ پاکستان بیلجیئم کو یورپی یونین میں پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار سمجھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سوفی ولیمز کے ساتھ ملاقات  میں کیا۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گذشتہ ماہ ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کو یورپی یونین میں پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان،وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ وزیر خارجہ نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ افغانستان میں انسانی و اقتصادی بحران کے خطرے کو سامنے رکھتے ہوئے عالمی برادری کو چاہیے کہ افغان عوام کی معاونت کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں افغان عوام کی انسانی و معاشی معاونت عالمی برادری کی طرف سے مثبت پیغام رسانی کا ذریعہ ثابت ہو گی۔

بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سوفی ولیمز نے کابل سے بیلجیئم کے سفارتی عملے کے محفوظ انخلا میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی تعاون پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔