نارووال،8 ستمبر ( اے پی پی): انٹرنیشنل لیٹریسی ڈے کے موقع پر محکمہ لیٹریسی اور ایجوکیشن کے باہمی اشتراک سے گورنمنٹ ہائی سکول بوائز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 8 ستمبر کو عالمی یوم خواندگی منایا جاتا ہے جس کامقصد لوگوں میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے عوام میں آگاہی فراہم کرناہے اور اس سلسلہ میں وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم خواندگی میں اضافے کے لئے کوشاں ہے اس حوالے سےگزشتہ تین سالوں کے دوران وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر برائے خواندگی و غیر رسمی کی خصوصی توجہ سے محکمہ کے تحت کئی نئے پروگرامز شروع کیے ہیں ان اقدامات کا مقصد صرف اور صرف تعلیم کو عام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک ایسازیور ہے جسے کوئی چرا نہیں سکتا اور اس کے بغیر دنیا بھر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا مشکل ہے۔ڈپٹی کمشنر نارووال نے اس موقع پر محکمہ لیٹریسی کے تحت قائم کردہ تعلیمی اداروں عام بچوں کو فراہم کی جانے والی تعلیم کے حوالے سے جاری کوششوں کو سراہا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈی ای او لیٹریسی حافظہ رابعہ اصغر نے ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع نارووال میں اس وقت محکمہ خواندگی کے زیراہتمام 325 سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جن میں 10ہزار سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں،ڈی او لیٹریسی نے بتایا کہ نان فارمل سکولز کے بچوں کی احساس پروگرام کے تحت بچوں کی رجسٹریشن کروائی جارہی ہے تاکہ انہیں بھی تعلیمی وظائف مل سکیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے فنڈز کی فراہمی کے بعد تمام سکولز کے لئے لیٹریسی کٹس کی خریداری کا عمل جاری ہے تاکہ انہیں بہتر سے بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے جبکہ تعلیم بالغاں کے تحت سنٹرل جیل نارووال سمیت مختلف خانہ بدوش اور فیکٹری ورکرزکو خواندہ بنانے کے لئے 22تعلیم بالغاں کے سنٹرز قائم کیے جارہے ہیں اس کے علاوہ نان فارمل سکولز میں تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں میں ادبی پروگرامز کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نارووال نے اس موقع پر تقریب میں نان فارمل سکول میں نمایاں تعلیم فراہم کرنے والے اساتذہ کرام اور تعلیم حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے۔ جس میں ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب میں سی ای او ایجوکیشن میاں محمد جمیل،ڈی ای او لیٹریسی حافظہ رابعہ اصغر،لیٹریسی کوآرڈینیٹر فہیم احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی شہزاد ہمایوں،ہیڈماسٹر محمد سلیم،مینجنگ ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرزچوہدری انوارالحق کے علاوہ سماجی تنظیموں کے نمائندگان عبد الوحید بٹ،ڈاکٹر طارق اپل ودیگراس موقع پر موجود تھے۔











