اسلام آباد،21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ہم نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں، گزشتہ سات ماہ سے پولیو کا صرف ایک کیس ریکارڈ ہوا جو طویل عرصے کے بعد کم ترین سطح ہے، کابینہ نے اس حوالے سے وزارت صحت کے اقدامات کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو فری ملک کا اسٹیٹس حاصل کرنے کے لئے تین سال تک پولیو فری رہنا ضروری ہوتا ہے، ہمیں امید ہے کہ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے کوششیں جاری رہیں گی اور ہم پولیو فری ملک کے طور پر سامنے آ سکیں گے۔











