ملتان : کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی شہریوں کو چینی ،آٹے کی کنٹرول ریٹس پر بلاتعطل فراہمی کی ہدایت

9

ملتان، 13 اکتوبر (اے پی پی ): کمشنر مڈاکٹر ارشاد احمد نے چینی اور آٹے کی کنٹرول ریٹس پر بلاتعطل فراہمی  کی ہدایت کی ہے  اور  ڈپٹی کمشنرز کو چینی کوٹے کے مطابق اضلاع میں شہریوں تک  چینی پہنچانے کا کہا ہے ۔

بدھ کو یہاں   پرائس کنٹرول کے سلسلے میں وڈیو لنک اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے  کمشنر  ملتان کا کہنا تھا کہ  ہول سیل پوائنٹس اور کریانہ سٹورز پر آٹے کے سٹال فعال کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر کی منڈیوں میں سپلائی چین کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے اور چینی اور آٹےکی فراہمی کی چیکنگ سپیشل برانچ سے کرائی جائے گی جبکہ  ضلعی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کا خود معائنہ کریں۔

کمشنر مڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی عوام کو مہنگائی سے بچانے پر خصوصی توجہ ہے۔انہوں  نے کہا ڈپٹی کمشنرز سرکاری ریٹس کو نمایاں مقامات پر آویزاں کریں ، تاکہ منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم پر معیار اور کنٹرول ریٹس یقینی بنائے جائیں ۔

اجلاس کو ڈپٹی کمشنر  ملتان عامر کریم خاں نے  پرائس کنٹرول پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہاکہ  ضلع کے شاپنگ سینٹرز پر ڈی سی کاؤنٹر مکمل فعال کردیے گئے ہیں ، منڈیوں میں طلب و رسد اور ریٹ میکنزم پر کڑی نظر ہے جبکہ  مہنگائی اور قلت میں ملوث مافیا پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ  پولڑی سمیت ٹماٹر اور سبزیوں کے ریٹس کسی صورت بڑھنے نہیں دینگے ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کررہے ہیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز وہاڑی،لودھراں اور خانیوال بھی شریک ہوئے۔