نومبر میں صحت کارڈ، احساس اور کسان کارڈ کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

12

اسلام آباد۔14اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نومبر میں صحت کارڈ، احساس اور کسان کارڈ کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے نمٹنے کے لئے ہم نے نئی اکنامک پالیسی فریم کی ہے، نومبر کے مہینے سے ہم تین بڑے پروگرام شروع کر رہے ہیں جس میں صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس کارڈ شامل ہیں۔ صحت کارڈ خیبر پختونخوا میں مل چکا ہے، اب پنجاب کے عوام کو صحت کارڈ فراہم کیا جائے گا جس کے تحت پنجاب میں ہر خاندان ساڑھے سات لاکھ روپے تک کا میڈیکل انشورنس حاصل کرسکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈز کی فراہمی کا سلسلہ نومبر سے شروع ہوگا اور مارچ تک مکمل ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ احساس کارڈ کے لئے تمام ڈیٹا اکٹھا کرلیا گیا ہے، غریب اور پسماندہ افراد کو احساس کارڈز فراہم کیا جائے گا، احساس کارڈز کے ذریعے غریب افراد نہ صرف یوٹیلٹی سٹورز بلکہ عام دکانوں سے بھی سستی اشیاءخرید سکیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت مزدور کارڈ جاری کر رہی ہے جس سے مزدوروں کو فائدہ ہوگا۔ کسانوں کو سبسڈی کی فراہمی کے لئے کسان کارڈز بھی جاری کیا جا رہا ہے۔