ژوب؛  عالمی یوم   انسداد  پولیو کی مناسبت سے پولیو ورکرز کے اعزاز  میں   ایوارڈ تقریب کا  انعقاد

12

  

ژوب، 25 اکتوبر (اے پی پی ):  عالمی یوم   انسداد  پولیو کی مناسبت سے پولیو ورکرز کے اعزاز  میں   ایوارڈ تقریب کا  انعقاد   کیا گیا ۔ تقریب  سے  خطاب کرتے ہوئے  مہمان خصوصی  ڈپٹی کمشنر   شہک بلوچ نے    کہا کہ پولیو کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ورکرز کی کارکردگی قابل ستائش ہے ، انٹرنیشنل پولیو کانفرنس میں 28 ڈسٹرکٹ کو ڈیکلیئر کر دیا گیا اور آخری مرحلے میں پولیو کو شکست دینگے، پولیو ورکرز ہمارے لئے ایک اثاثہ ہے،  پولیو  کے خاتمے اور جدوجہد میں میڈیا کا کردار بھی  اہم ہے ،جنہوں نے انتہائی محنت کے ساتھ اس مرض پر قابو پانے میں بہت کام کیا، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کا بھی کافی کردار ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر زرک مندوخیل نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کے حوالے سے ژوب شیرانی ہائی رسک ایریاز میں شامل ہے، ژوب بارڈر پوائنٹ پر واقع ہے یہاں ملک کے کونے کونے  سےخانہ بدوش آتے جاتے ہیں اور مختلف علاقوں میں پڑاؤ کرتے ہیں، سرحدی مقام پر واقع ہونے کی وجہ سے  شیرانی ژوب کو ہائی رسک علاقوں میں شمار کیا گیا، پولیو کیسز کے حوالے سے ژوب سمیت سرحدی علاقے نہایت حساس ہیں۔ انہوں نے کہا 1994 سے آج تک پولیو ورکرز نے بہت قربانیاں دی  ہیں ۔

   تقریب سے ایس پی فہد کھوسہ، ڈی ایچ او امیونایزیشن افسر ڈاکٹر اختر علی بلوچ، این سٹاپ کے ڈاکٹر آمین،  ڈی ایچ سی ایس نزیر، صمد حریفال، مولوی قطب الدین نے خطاب کیا، اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیو ورکرز، آفیسران، میڈیا نمائندوں میں تعریفی اسناد اور ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔