گلوبل  وارمنگ، پوری انسانیت کو درپیش بحران ہے ؛ وزیراعظم عمران خان

8

اسلام آباد،25اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے  پیر  کو مشرق وسطیٰ شاداب اقدام سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلوبل  وارمنگ، پوری انسانیت کو درپیش بحران ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے10 فیصد ممالک 80 فیصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے ذمہ دار ہیں ، دنیا کو ماحولیات کے مسائل سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے ، 2030تک پاکستان 60 فیصد قابل تجدید توانائی پر منتقل ہو جائے گا ۔ 30فیصد ٹرانسپورٹ الیکٹریکل وہیکل پر منتقل ہو جائے گی ،2023تک  تقریباً ایک ارب  مینگروز کے درخت لگانے کا ہدف ہے  ۔

 وزیر اعظم  نے کہاکہ انسانیت کو بڑے بحران کا سامنا ہے ۔عالمی حدت میں روز بروز اضافہ ہورہاہے ، دنیا کو ماحولیات کے مسائل سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں آج دنیا کے مختلف ممالک میں قدرتی آفات کا سلسلہ جاری ہے ۔ پاکستان سمیت ہمالیہ کے قریب رہنے والے ممالک کو سنگین خطرات کا سامنا ہے ۔گزشتہ سالوں میں آسٹریلیا ، کیلی فورنیا سمیت دیگر ممالک میں غیر متوقع سیلاب آئے ہیں ۔