الیکٹرانک ووٹنگ مشین میچ فکسنگ کا خاتمہ کرے گی، بیرون ممالک پاکستانیوں کو حق رائے دہی دینا  پی ٹی آئی کا تاریخی دن ہے۔ حسان خاور

31

لاہور۔18نومبر  (اے پی پی):معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ “ووٹ کو عزت دو” کا نعرہ شاید بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے نہیں تھا۔ کچھ سیاسی جماعتیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر یقین نہیں رکھتی تھیں۔ شاید انہیں سچ سے ڈر لگتا ہے۔ اسی لئے انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا اور انہیں ووٹ کے حق سے محروم رکھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بزدار حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلی پنجاب خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کر رکھی ہے کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر قابل برداشت تصور نہیں کی جائے گی۔ حسان خاور نے کہا کہ عثمان بزدار کی ہدایت پر اوورسیز کیلئے ہیلپ لائن دن رات بلا تعطل فعال ہے، جبکہ پاکستان آئے ھوئے اوورسیز کیلئے رسپانس ٹائم 90 دن کی بجائے 30 دن کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 74 سال بعد وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کو آواز ملی ہے۔ سبز پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے والوں کو آدھا پاکستانی گردانا جاتا تھا۔ اسی لئے انہیں حق رائے دہی سے محروم رکھا گیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف نے انہیں ووٹ کا حق دیتے ہوئے باور کروایا کہ یہ ہمارے ماتھے کا جھومر اور ملک کا قابل قدر اثاثہ ہیں جن کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 74 سال سے اپنی برآمدات پر توجہ نہیں دی۔ تارکین وطن خون پسینے کی کمائی سے ترسیلات زر پاکستان بھیج کر دراصل وطن کی خدمت کر رہے ہوتے ہیں۔ میڈیا نمائندگان کے مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی عمران خان کے ویژن اور منشور کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مفرور سیاستدانوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے حق رائے دہی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی، خود باہر رہ کر الیکشن لڑے لیکن اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ تحریک انصاف نے عمران خان کی قیادت میں اس فرسودہ نظام کو بدلا۔ اب وہ اپنے ضمیر کے مطابق 2023 میں ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے۔