الیکٹرانک ووٹنگ سے انتخابی دھاندلی کے سب دروازے بند ہو جائیں گے،وزیراعظم عمران خان کا سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب

37

اسلام آباد۔18نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے دھاندلی کے تمام راستے بند ہو جائیں گے، پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے ملک میں تبدیلی نہیں چاہتے، اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں ڈرامہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

  وزیراعظم نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں سے دھاندلی کے سارے راستے بند ہو جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں 15 لاکھ ووٹ ضائع ہو گئے تھے، اگر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال ہوتا تو یہ ووٹ ضائع نہ ہوتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے کرکٹ میں سب سے پہلے غیر جانبدار ایمپائر لانے کی بات کی تھی اور  پاکستان وہ پہلا ملک ہے جو غیر جانبدار ایمپائر لے کر آیا، ہم نے شفاف انتخابات کیلئے سینٹ میں بھی اوپن بیلٹنگ کا مطالبہ کیا کیونکہ سینٹ کے انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت ہوتی ہے اور 30 سال سے پیسہ چل رہا ہے لیکن دونوں جماعتیں اس کے خلاف ہو گئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں ڈرامہ کیا، ایک طرف کرپٹ سٹیٹس کو ہے تو دوسری طرف ہم ملک کو آگے لے جانے کیلئے کوشاں ہیں، اپوزیشن سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی کیوں مخالف ہے؟، ان کی طرف سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر تو انہیں قبول ہے لیکن ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کرتے ہیں، اب انہیں ووٹ کا حق ملے گا اور انہیں مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے تبدیلی کے مخالف ہیں، یوٹیلٹی سٹورز کے نظام کو کمپیوٹرائز کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے ملازمین نے حکم امتناعی لے لیا، ایف بی آر میں بیٹھے لوگ ہی اس کے نظام کو کمپیوٹرائز نہیں ہونے دیتے، حکومت کے پاس ٹیکس کا پیسہ نہیں آتا لیکن ٹیکس جمع کرنے والے بہت پیسہ بنا لیتے ہیں، سیمنٹ، چینی اور سگریٹ کی اربوں روپے کی فروخت ہوتی ہے لیکن ٹیکس نہیں دیا جاتا، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے ٹیکس چوری کا خاتمہ ہو گا، آئندہ ہفتے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم ملک میں متعارف کرا رہے ہیں۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے تمام ممالک میں سفارتکاروں کو متحرک کیا جا رہا ہے، وزارت خارجہ اقتصادی سفارتکاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سفارتخانوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی اور خدمت کا معیار بہتر بنایا جائے گا۔