جانوروں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے متوازن خوراک بہت ضروری ہے؛ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر جمشید اختر

31

 جلالپورپیروالا،16نومبر(اے پی پی):  ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر جمشید اختر نے کہا ہے کہ جانوروں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے متوازن خوراک بہت ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جانوروں کی نشوونما کے حوالے سے منعقدہ پروگرام سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ متوازن خوراک دینے سے جانوروں کی پیدوار اور نشوونما میں اضافہ ہوتا ہے۔جانوروں کو صرف سبز چارہ کھلانے سے انکی غذائی ضروریات کو پورا نہیں کیا جاسکتا،

مویشی پال حضرات کو چاہیے  کہ جانوروں کی متوازن خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سبز چارے کے ساتھ ساتھ ونڈا، منرل مکسچر اور یوریا ملاسسز بلاک بھی کھلائیں۔

ڈاکٹر جمشید اخترنے کہا کہ مویشی پال حضرات کی سہولت کے لیے محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی طرف سے

جلالپور پیر والہ کے مویشی ہسپتال میں قائم لائیو سٹاک ایڈوائزری اینڈ بزنس انکیوبیشن سنٹر پر ونڈا، منرل مکسچر اور یوریا ملاسسز بلاک سبسڈی ریٹ پر دستیاب ہیں۔انہوں نے متوازن خوراک کھلانے کے فائدے بتاتے ہوئے کہا کہ جانوروں میں نہ صرف پروٹین اور نمکیات کی کمی پوری ہو گی بلکہ دودھ کی پیداوار اور تیزی سے وزن بڑھانے کی صلاحیت میں اضافہ،جانوروں کے نظام تولید کو بہتر بنا کر نسل کشی کے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کو متوازن خوراک کھلانے سے صحت میں بہتری سے ویکسین کا بہتر اثر اور بیماریوں کے خلاف بہتر قوت مدافعت کو ممکن بناتا ہے،اس کے ساتھ ساتھ جانوروں کو جِلدی بیماریوں سے بھی بچاؤ ممکن ہے ۔

ڈاکٹر جمشید اختر نے کہا کہ مویشی پال حضرات جانوروں کو متوازن خوراک کھلائیں تاکہ جانور اپنی پیداواری صلاحیت کے مطابق پیداوار دیں اور مویشی پال حضرات زیادہ سے زیادہ نفع کما کر خوشحال ہو جائیں۔