اسلام آباد، 04 نومبر (اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون برائے تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعرات کو پاک چائنا فرئنڈ شپ سنٹر میں قائم پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں مشیر خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت ایک نیا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کا نام احساس راشن ہو گااور اس پروگرام سے مستفید ہونے والے اپنے موبائل فون کے ذریعے باقاعدہ ایپ ڈائون لوڈ کر کے اس میں شامل ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مستحقین کو تصدیق کے دو مراحل سے گزرنا ہو گا۔ ایک تو شناختی کارڈ کے ذریعے تصدیق کی جائے گی اور دوسرا یہ کہ مستحقین کے موبائل نمبر پر کوڈ بھیجا جائے گا، کریانہ سٹور یا یوٹیلیٹی سٹور اس کی تصدیق کے بعد اشیا فراہم کریں گے اور مستحقین موبائل فون سے یہ ایپ ڈائون کر سکیں گے۔ انہیں آٹا،چینی، گھی اور خوردنی تیل خریدنےکی سہولت حاصل ہو گی ۔ کوڈ کی باقاعدہ تصدیق کی جائے گی جس کےبعد مستحق خریدار کو حتمی پیغام موبائل فون پر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے تمام آئیکن اردو میں ہوں گے، آن لائن رجسٹریشن کے لئے رجسٹریشن پورٹل کھولا جائےگاجس میں مستحقین کی رجسٹریشن کا عمل ہو گا۔ مستحق خریدار ماہانہ ایک ہزار روپے تک کی اشیا خرید سکیں گے۔ تین سے چار ہفتوں میں رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ مستحق خریدار کو اشیا کی فراہمی کے لئے اب یوٹیلٹی سٹورز کے ساتھ کریانہ سٹور بھی اہل ہوں گے۔











