سٹیزن پورٹل پر یونان میں مقیم پاکستانی کی شکایت کا کیا نتیجہ نکلا ،وزیراعظم عمران خان کا سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب

28

اسلام آباد۔18نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے دھاندلی کے تمام راستے بند ہو جائیں گے، پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے ملک میں تبدیلی نہیں چاہتے، اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں ڈرامہ کیا، سالانہ 30 ارب ڈالر بھجوانے والے بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، اپوزیشن ان کے ووٹ کے حق کی مخالف کیوں ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اب پاکستان کے جمہوری عمل کا حصہ بن گئے ہیں، ووٹ کا حق ملنے سے بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، پاور آف اٹارنی کی آن لائن تصدیق اور اجراء سے ہزاروں پاکستانیوں کو فائدہ ہو گا، ٹیکس چوری روکنے کیلئے اگلے ہفتے سے ملک میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب  اور چیئرمین نادرا طارق ملک نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاور آف اٹارنی کا حصول بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے بڑا مسئلہ تھا، 75 ہزار پاکستانیوں کو اس پاور آف اٹارنی کے عمل سے ہر سال گزرنا پڑتا ہے، ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز سے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولت پیدا ہو گی، 2019ء میں قبرص سے ایک پاکستانی شہری عرفان علی نے پاور آف اٹارنی کے حصول کے مشکل مرحلہ کی طرف نشاندہی کی تھی جس کے بعد اس پر کام شروع ہوا اور نادرا کا ایکٹ بھی تبدیل کیا گیا، خوشی ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے اور آسانی پیدا کی ہے۔  وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کش ہیں اور ان کی ترسیلات زر سے ہی ملک چل رہا ہے، وہ ہر سال 30 ارب ڈالر ملک میں بھجواتے ہیں، اس سے پہلے جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا تھا اور اب پاور آف اٹارنی کے حصول کیلئے سہولت فراہم کرنا حکومت کا دوسرا قدم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ کے دنوں میں بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ان کا رابطہ رہتا تھا، زیادہ تر پاکستانی مجبوری کی صورت میں بیرون ملک جاتے ہیں، انہیں ملک کی زیادہ قدر ہوتی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ملک ترقی کرے، اوورسیز پاکستانیوں کو سب سے زیادہ محب وطن سمجھتا ہوں۔