ٹیکنالوجی کی مخالفت کرنا بڑی حماقت ہوگی،وزیراعظم عمران خان کا سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب

26

اسلام آباد۔18نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے دھاندلی کے تمام راستے بند ہو جائیں گے، پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے ملک میں تبدیلی نہیں چاہتے، اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں ڈرامہ کیا،۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

  وزیراعظم عمران خان نے کہا   کہ ٹیکنالوجی کی مخالفت کرنا بڑی حماقت ہوگی، موجودہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کا خاص خیال رکھا جائے، اب اس مقصد کیلئے پورٹل بھی بنا دیا گیا ہے جس کے ذریعے وہ وزیر خارجہ سے رجوع بھی کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان کے جمہوری عمل میں شامل کر لیا گیا ہے اور ووٹ کا حق ملنے کا انہیں فائدہ یہ ہے کہ  ہر حکومت مجبور ہو جائے گی کہ وہ ان کی قدر کرے اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرے، جمہوریت میں ووٹ کے ذریعے کسی بھی حکومت کی کارکردگی کو جانچا جا سکتا ہے، بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں سے متعلق بل کی منظوری پر بہت خوشی ہے، نادرا نے ٹیکنالوجی کے ذریعے آسانی پیدا کی ہے، انسانی تاریخ میں ٹیکنالوجی جتنی تیزی سے تبدیلی اب لا رہی ہے پہلے نہیں آئی، ٹیکنالوجی کے استعمال سے گریز احمقانہ سوچ کا نتیجہ ہے، سمجھ نہیں آتی کہ اپوزیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی کیوں مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء میں اس وقت کی حکومت نے بھی ایک کمیشن بنایا تھا جس نے ای وی ایم مشینوں کے استعمال کی تجویز دی تھی، ای وی ایم مشینوں سے دھاندلی کے سارے راستے بند ہو جائیں گے