سکول اولمپکس   کھیلوں کا باقاعدہ  آغاز 8نومبر کو ڈیرہ غازی خان سے ہوگا، ،سی ای اوایجوکیشن ملتان

22

ملتان۔4نومبر  (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسرایجوکیشن ملتان شمشیر خان نے کہاہے کہ  طلبہ کی نشوونما کے لیے سکول سطح پر کھیل بہت ضروری ہیں   اور اس سلسلے میں  سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور کی ہدایت پر سکول اولمپکس کا باقاعدہ افتتاح ہوچکا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع میں ہونے والے سکول اولمپکس کی مشعل ریلی کا قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان پہنچنے پر استقبال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے  کہاکہ کھیلوں کا باقاعدہ طور پر آغاز 8نومبر کو ڈیرہ غازی خان سے ہوگا۔ اس کے بعد مختلف اضلاع میں کھیل کھیلے جائیں گے جن میں فٹ بال، ہاکی، بیڈمنٹن اوردیگر کھیل شامل ہیں۔ مشعل کی رونمائی کا آغاز بہاولپور سے ہوا جو مختلف اضلاع سے ہوتی ہوئی مظفرگڑھ اور آج جمعرات کو ملتان پہنچی۔ ملتان کے بعد یہ مشعل ریلی لودھراں پہنچے گی۔انہوں نے کہاکہ مشعل بردار طلبا ریلی کا اختتام ڈیرہ غازی خان میں 8نومبر کو سکول اولمپکس کا باقاعدہ افتتاح کے ساتھ ہوگا۔ طلبا کا ہاکی میچ ڈیرہ غازی خان اور طالبات کے ہاکی میچ بہاولپور جبکہ فٹ بال کے میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔