کوئٹہ،11نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر عبدالقاہر ودان کی قیادت میں پارٹی کے نمائندہ وفد نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پی کے میپ کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، سابق صوبائی وزرا رحیم زیارتوال، مجید خان اچکزئی، لیاقت آغا سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
وفد نے وزیر اعلیٰ کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پشتون بیلٹ سے متعلق مسائل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشتون بیلٹ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور صوبے کی بہتری کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوام سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ صفائی کی مہم میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران بھی انہوں نے ساوتھ پیکیج کی طرز پر صوبے کے لیے نارتھ پیکج دینے کی درخواست کی ہے تاکہ صوبے میں یکساں ترقی کا عمل جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وفاق سے بھی فنڈز بڑھانے کی درخواست کی ہے تاکہ بلوچستان کو ملک کے دیگر صوبوں کے برابر لایا جائے ۔
وزیراعلیٰ نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سب کی تجاویز کو ساتھ لے کر چلیں گے اور سب مل کر صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔