علامہ محمداقبال دنیائے عالم کی قدآور اور عظیم شخصیت کا نام ہے؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالجبار گجر

22

بہاولنگر،09نومبر ( اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالجبار گجر نے کہا ہے کہ  علامہ محمداقبال دنیائے عالم کی قدآور اور عظیم شخصیت کا نام ہے، اقبال کی شخصیت کے بے شمار پہلو ہیں۔ وہ شاعر ہیں، فلسفی ہیں، سیاسی رہبر ، نثر نگار، ماہر قانون الغرض ان کی شخصیت کی بے شمار جہتیں ہیں، جنہیں نوجوانوں میں روشناس کرایا جانا بہت ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے  ڈسٹرکٹ پبلک سکول بہاولنگر میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں بچوں نے علامہ محمد اقبال کی شاعری کے حوالہ سے  ٹیبلوز پیش کیے اور اپنی تقاریر سے علامہ اقبال کے افکار پر روشنی ڈالی۔

 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبد الجبار گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علامہ اقبال کی شاعری، نثر نگاری، سیاسی بصیرت، ریاست کا فلسفہ، نوجوانوں میں بیداری کا تصور ان کی ایسی منفردخصوصیات ہیں کہ جن کی مثال نہیں ملتی۔ یہی صفات و امتیازی اوصاف انہیں دیگر افراد سے ممتازکرتا ہے۔

 اس موقع پر پروفیسر شفیق احمد پرنسپل ڈی پی ایس، احمد سلیم چشتی اسسٹنٹ کمشنر منچن آباد، وقاص بن طارق پرنسپل وی ٹی آئی بہاولنگر نے بھی خطاب کیا۔