ملتان، 12 نومبر (اے پی پی): نمونیا کے عالمی دن کے موقع پرنشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام آگاہی ریلی نکالی گئی، جس کی سربراہی ایکٹنگ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کی۔
ریلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان سمیت دُنیا بھر میں آج نمونیا سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جارہا ہے جبکہ ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا اور نمونیا میں خطرناک مشابہت پائی جاتی ہے، جس پر توجہ دینا ضروری ہے۔بظاہر کورونا وائرس اور نمونیا دونوں ہی بے ضرر محسوس ہوتے ہیں لیکن دونوں ہی امراض دنیا بھر میں کروڑوں انسانوں کی اموات کا باعث بنے ہیں۔
ماہرینِ صحت کے مطابق نمونیا کے دوران تیز بخار، کھانسی، سانس کا تیز تیز چلنا، سانس لینے میں دشواری، پھیپھڑوں سے چٹخنے کی آوازیں، بھوک نہ لگنا، تھکاوٹ اور معدے یا پیٹ کا درد اہم علامات ہوتی ہیں دوسری جانب کورونا کی علامات میں بھی بخار، کھانسی اور سانس لینے میں تکلیف اہم علامات ہیں تاہم جب یہ بیماری بگڑتی ہے تو نمونیا اور سانس لینے میں شدید تکلیف ہوتی ہے عام طور پر کورونا وائرس زکام، فلو یا نزلے سے ملتی جلتی علامات رکھتا ہے جس کی درست تشخیص کیلئے کورونا کا ٹیسٹ ضروری قرار دیا جاتا ہے۔











