وزیراعظم عمران خان مہنگائی کے خاتمے کے لئے پوری طرح متحرک ہیں، اس ضمن  میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں؛ ڈاکٹر ثانیہ نشتر

43

اٹک، 14نومبر(اے پی پی ): وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی کے خاتمے کے لئے پوری طرح متحرک ہیں اور اس ضمن  میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحق افراد کے لیے راشن رعایت پروگرام کا اجراء کر دیا گیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہارانہوں نے حسن ابدال اور کامرہ میں مختلف کریانہ سٹورز کے دورے کے موقع پر کیا۔  معاون خصوصی نے مختلف کریانہ سٹورز کا دورہ کیا اور سٹورز کے مالکان کو راشن رعایت پروگرام کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم  عمران خان کی خصوصی ہدایات پر کم آمدنی والے افراد اور خاندانوں کو اشیائے ضروریہ رعایت پر دی جا رہی ہیں جس پر ہزار روپے تک کی سبسڈی ہے جس کو معاشی حالات بہتر ہونے پر مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راشن رعایت پروگرام میں مستحق خاندانوں کو رجسٹر ہونے کے لیے ehsaasrashan.pass.gov.pk ویب سائٹ پر جاکر اپنا موبائل نمبر اور شناختی کارڈ نمبر کا اندراج کرنا ہے اور اس امر کو ضروری بنانا ہے کہ موبائل نمبر اسی شناختی کارڈ نمبر پر رجسٹرڈ ہو۔ جس کے بعد مستحق افراد کو تین ہفتے کے اندر  8171  سے پیغام موصول ہوگا جس کی طرف سے ہدایات کی  روشنی میں وہ کریانہ سٹور پر جا کر اشیائے ضروریہ خرید سکیں گے۔

 ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ راشن رعایت پروگرام میں کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن بھی شروع کی جائے گی جس میں سٹور کے مالک اور اس کا بینک اکاؤنٹ نمبر کا اندراج ہوگا۔ جن سٹورز کے مالکان کا بینک اکاؤنٹ نمبر نہیں ہے وہ نیشنل بینک آف پاکستان جا کر اپنا بینک اکاؤنٹ کھلوا سکتے ہیں، مستحق خاندانوں کے لیے اسمارٹ فون ہونا ضروری نہیں۔ ان کے لیے صرف ایک سادہ موبائل فون بمعہ سم کارڈ جو مطلونہ شناختی کارڈ نمبر پر رجسٹرڈ ہو، ہونا ضروری ہے، یہ سبسڈی مہینے میں ایک دفعہ حاصل کی جاسکے گی۔

 مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام کے سلسلے میں ہماری ٹیمیں سروے مکمل کر چکی ہیں اور جن کا ڈیٹا سروے میں شامل نہیں ہو سکا ان کے لیے نادرا سنٹرز میں خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جہاں وہ دفتری اوقات میں جاکر اپنے کوائف جمع کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی پروگرام کے سلسلے میں بھی ہمارے سروے مکمل ہو چکے ہیں اور جن مستحق خاندانوں کے  کوائف اس میں شامل نہیں وہ بھی نادرا سنٹر میں جاکر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

 ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ عوام کسی بھی جعلی ایس ایم ایس یا فون کال پر یقین نہ کریں۔  مستحق افراد یا خاندان  سے صرف 8171 سے رابطہ کیا جائے گا۔ یہ پروگرام پورے پاکستان میں نافذ ہو چکا ہے جس میں وفاق کی طرف سے 35 فیصد اور صوبوں کی طرف سے 65 فیصد مشترکہ فنڈنگ کی جائے گی۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ راشن رعایت پروگرام کے سلسلے میں ویب سائٹ کے بارے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔

  معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا معاشی بحران میں مبتلا ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ راشن رعایت پروگرام کے ذریعے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور اس سے  معاشی مشکلات حل ہونگی۔