وزیر اعلیٰ بلوچستان کا ڈی ایچ کیو اسپتال پشین کا دورہ ، مختلف شعبوں کا معائنہ  کیا

19

پشین،14 نومبر (اے پی پی ):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو  نے اتوار کو  یہاں ڈی ایچ کیو اسپتال  کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے  مختلف شعبوں کا معائنہ  کیا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے وزیراعلی ٰکو ہسپتال کے مسائل پر بریفنگ   دی۔

وزیراعلی نے  ہسپتال میں ضروری طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کیا  اورمحکمہ صحت کو ہسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر اسٹاف، ادویات اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت  کی۔

اس موقع پر وزیراعلی نے پشین ڈی ایچ کیو اسپتال کو 25 بیڈ سے 50 بیڈ کرنے کا اعلان کیا اور اس حوالے  سے  فوری پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو  نےپشین ہسپتال کے لیے ٹیوب ویل کی فراہمی کا اعلان بھی   کیا۔انہوں نے ڈاکٹروں نرسنگ سٹاف اور ٹیکنیکل سٹاف کی کمی فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایت کرتے  ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو انکی جاۓ تعیناتی پر حاضر ہونا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹرانسفر پوسٹنگ میں سیاسی مداخلت ختم کرینگے،سیاسی جماعتیں اس حوالے سے ہماری مدد کریں۔