وزیراعلیٰ بلوچستان سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے وفد کی ملاقات

8

کوئٹہ، 11 نومبر ( اےپی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے نمائندہ وفد نے وائے ڈی اے کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر بہار شاہ کی قیادت میں یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں اراکین صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی،  اصغر خان ترین، سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نورالحق بلوچ، وائی ڈی اے کے نائب صدر ڈاکٹر طاہر موسیٰ خیل، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالمالک کاکڑ اور پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر جمال شاہ کاکڑ سمیت وائی ڈی اے کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو ینگ ڈاکٹرز کو درپیش مسائل اور اس حوالے سے تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی سے مذاکرات پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وفد  سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت آپ کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرتی ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے ڈاکٹرز مسائل کا شکار ہو ں انہوں نے کہا کہ ہمیں محکمہ صحت کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کے مسائل کے حل کے لیے تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی آپ کے تمام مطالبات سنتے ہوئے اسے حل کرنے کی کوشش کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں تمام امور کو اسٹریم  لائن کرنے کی ضرورت ہے محکمہ صحت میں بہتری اور سرکاری ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے سے متعلق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے  بھی مشاورت کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ صوبے کے غریب عوام کے وسیع تر مفاد میں ہڑتال ختم کرکے ڈیوٹی پرآجائیں حکومت اور وائ ڈی اے دونوں کا مقصد عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی ہے اور ہم باہمی تعاون کے ذریعہ یہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔