اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد پاکستان کے حالات کا تقاضا ہے،اس حوالے سے علماء و مشائخ مکمل طور پر تعاون کی یقین دہانی کراچکے ہیں، پاکستان علماء کونسل حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتی ہے، حکومت نے دانشمندی سے اس مسئلے کا حل نکالا ہے اور عوام کو ایک بڑے سانحہ سے بچایا ہے۔
بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے پلیٹ فارم سے ملک بھر کے علماء و مشائخ حکومت کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دفتر نے ناموس رسالت ۖ کے قوانین کے غلط استعمال کے حوالے سے اقلیتوں کے تحفظات دور کئے ہیں اور ایک سال کے عرصے میں کوئی ایسا کیس رپورٹ نہیں ہوا، یہ بڑی کامیابی ہے، ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی اور پاکستان کے اسلامی دنیا سے تعلقات میں پیش رفت ہو گی۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان طے پانے والے معاملات کا خیر مقدم کرتی ہے، حکومت کی دانشمندی اور مفتی منیب الرحمن، علماء مشائخ اور تحریک لبیک کی شوریٰ کے اراکین نے بیٹھ کر معاملات کو حل کر لیا ہے تو اس میں پریشانی والی کوئی بات نہیں ہے، اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم ایک ایسی کیفیت سے باہر آئے کہ مزید تشدد اور نقصان نہیں ہوا، جہاں تک پولیس والوں کی بات ہے وہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی طرف سے کہتا ہوں کہ ہم شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 3 سے 12 ربیع الاوال کو ملک بھر میں عشرہ رحمۃ للعالمین بھرپور طریقے سے منایا گیا، تاریخ میں پہلی مرتبہ ناموس رسالت ۖ پر اقوام متحدہ میں بات ہوئی، ہماری قرارداد پر او آئی سی کے اجلاس میں اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔ اسلامو فوبیا، ناموس رسالت ۖ اور مقدسات پر عالمی سطح پر قانون سازی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھی مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کئے گئے، مسائل صرف مذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں اور اس بار بھی مذاکرات سے مسائل حل ہوئے۔











