گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 220 کے وی گرڈ اسٹیشن جھمپیر- ون کا افتتاح کردیا

48

کراچی،3نومبر  (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے امریکی قونصل جنرل مارک اسٹرو کے ہمراہ بدھ کو 220 کے وی گرڈ اسٹیشن جھمپیر- 1کا افتتاح کردیا۔  امریکہ کی یہ سرمایہ کاری پاکستان کے قومی گرڈ میں ونڈ پاور پلانٹس سے پیدا ہونے والی 780 میگاواٹ صاف توانائی کا اضافہ کرے گی۔

گورنر سندھ نے یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان کے پاور سیکٹر میں تعاون اور مالی معاونت کو سراہتے ہوئے ملک میں صاف ستھری بجلی کی پیداوار کے مقصد کو فروغ دینے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ رابطے اور مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے   کہا کہ ونڈ انرجی صاف، ماحول دوست اور تیل سے چلنے والی بجلی کے مقابلے میں سستی ہے۔یو ایس نے یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ(یو ایس اے آئی ڈی )کے ذریعے سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کے جھمپیر ونڈ کوریڈور میں ٹرانسمیشن لائنوں اور ایک گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کی کوشش میں تعاون کیا ہے۔ یو ایس ایڈ کی مدد سے، نجی شعبے کی ہوا سے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں اب نیشنل گرڈ کو بجلی فروخت کر رہی ہیں۔

 ڈی ایم ڈی این ٹی ڈی سی محمد ایوب نے کہا کہ این ٹی ڈی سی نے نیشنل گرڈ میں گرین انرجی شامل کرنے کے لیے منسلک ٹرانسمیشن لائنوں کے ساتھ 220 کے وی گرڈ سٹیشن جھمپیر-I کی تعمیر پر بھرپور طریقے سے کام کیا ہے اور اس وقت 15 ونڈ پاور پلانٹس گرڈ سٹیشن سے منسلک ہیں۔