یوم ثقافت سندھ، ٹنڈوآدم میں ثقافتی تقریب، مچ کچہری، سگھڑ کچہری اور سندھی ساز و موسیقی کی محفل کا انعقاد

109

حیدرآباد، 30 نومبر (اے پی پی): سندھ کی ثقافت کو دنیا میں اجاگر کرنے کے سلسلے میں یوم ثقافت سندھ کی مناسبت سے رواں سال 5 دسمبر کو منائے جانے والے یوم ثقافت سندھ کے حوالے سے سندھ بھر میں تقریبات منعقد ہونا شروع ہوگئی ہیں،جگہ جگہ ثقافتی ریلیاں، مچ کچہری اور ثقافتی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے ٹنڈوآدم میں آل ساند سماجی اتحاد کی جانب سے مچ کچہری کا اہتمام کیا گیا جس میں سندھ کے مختلف شہروں سے سندھی ثقافت سے پیار کرنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس پروقار تقریب میں مقامی سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں، صحافیوں، ادیبوں، وکلا، طلبہ  سمیت دور دراز سے آئے ہوئے ساند برادری کے معززین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مچ کچہری میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کےلیئے شرکا نے سندھی ٹوپی اور اجرک پہن رکھے تھے، اس موقع پر سندھ کی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے بہترین اوطاق کے میزبانی کلچر کی عکاسی بھی کی گئی، آل ساند سماجی اتحاد کے سرپرست نور محمد ساند نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھی ثقافت، امن، انسانیت اور رواداری کا مظہر ہے، ہم سب مل کر یہ ثقافتی دن مناتے ہوئے قوموں، برادریوں کا فرق مٹاکر رکھ دیتے ہیں، چاہے وہ کوئی بھی قوم یا قبیلا ہی کیوں نہ ہو، ہم سب اپنے سگے بھائیوں کے طرح ہیں، سندھی لوگ اس ثقافتی دن کو بھرپور انداز سے مناتے ہیں۔

اس موقع پر آل ساند سماجی اتحاد کے مرکزی رہمنا غلام محمد ساند، عبدالطیف ساند، عبدالقیوم ساند، غلام شبیر ساند اور دیگر نے کہا کہ سندھ کی ثقافت پانچ ہزار سال سے بھی قدیم تہذیب ہے، سندھی ثقافت امن کا پیغام دیتی ہے، جو قومیں اپنی تاریخ یاد نہیں رکھتی وہ دنیا سے مٹ جاتی ہیں۔

اس موقع پر سگھڑ کچہری، ادبی کانفرنس، سندھی ساز و موسیقی پیش کی گئی جس میں مایہ ناز گلوکاروں فائزہ علی، شاہد جونیجو، استاد حمیر علی خان، جئہ رام اور دیگر نے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی