اقلیتوں کی بہبود کے لیے رواں مالی سال میں 2.5 بلین کی رقم مختص کی گئی ہے؛ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

31

لاہور، 01 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقلیتی حقوق کمیشن کا مسودہ تیار کیا گیا ہے۔ اس دوران اقلیتوں کے بجٹ میں پانچ فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور اقلیتی برادریوں کے پانچ فیصد کوٹہ کے تحت خالی آسامیوں کو پر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ  اقلیتوں کی بہبود کے لیے رواں مالی سال میں 2.5 بلین کی رقم مختص کی گئی ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے   چیئرمین ون مین کمیشن ڈاکٹر محمد شعیب سڈل  سے گفتگو میں  کیا ، جنہوں  نے  بدھ کو یہاں وزیراعلیٰ  سے   ان کے دفتر میں ملاقات کی،ملاقات میں  اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کا ملازمت کا کوٹہ مکمل طور پر پُر کیا جائے گا اور تمام بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں گی۔ تعلیمی اداروں میں اقلیتوں کے لیے 2 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا ہے تاکہ غیر مسلم طلبہ بہترین اداروں میں تعلیم حاصل کر کے زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ  لاہور اور فیصل آباد میں یوحنا آباد اور وارث پورہ کو بالترتیب ماڈل اقلیتی علاقہ قرار دیا گیا ہے، جب کہ بھونگ میں ہندو مندر کو صرف 30 دن کے عرصے میں بحال کیا گیا ہے۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی کیونکہ انہیں ملک میں مساوی حیثیت اور حقوق حاصل ہیں۔

 اس موقع پر صوبائی وزراء اعجاز عالم، اسد کھوکھر، چیف سیکرٹری، اے سی ایس (ہوم) سیکرٹری ایچ آر اور اقلیتی امور اور دیگر بھی موجود تھے۔