بانی پاکستان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے؛ سینیٹر ولید اقبال

56

لاہور،25 دسمبر(اے پی پی): ایوان اقبال میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 145ویں یوم ولادت کے حوالے سے تقریب سے   خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ولید اقبال نے  کہا ہے کہ بانی پاکستان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے خطوط، خطبۂ الہ آباد اور قرارداد لاہور جو کہ قرارداد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی کے ذریعے علامہ نے جس خواب سے قوم کو آشنا کیا اسے قائد اعظم محمد علی جناح کی لازوال قیادت نے شرمندۂ تعبیر کیا۔

سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ  زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھا کرتی ہیں اسی طرح بانی پاکستان کی خدمات کو یاد رکھنا اور سراہنا بھی ہمارا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے قیادت کے لئے جو اصول وضع کئے قائد اعظم محمد علی جناح ان پر سو فیصد پورا اترتے تھے۔

 سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائد اعظم کے مابین اس نکتے پر مکمل اتفاق تھا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کا ہر حال میں ایک آزاد وطن ہونا چاہئیے اور اسی نکتے پر اتفاق ہونے کی وجہ سے کبھی نہ بکنے والے کبھی نہ جھکنے والے صاف دامن اور کھرے محمد علی جناح نے قیادت کا بوجھ اپنے شانوں پہ رکھا اور پھر وہ قائد اعظم بن گئے۔

 ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی قائد اپنی جماعت کو عوام کی بجائے اشرافیہ کی جماعت بنا لے تو پھر وہ عوام میں مقبول نہیں رہا کرتا حقیقی قائد وہی ہوتا ہے کہ جو عوام کو ملک و قوم کے لئیے ریڑھ کی ہڈی تصور کرے عوام کو اچھی تعلیم خوراک اور سر پر چھت دینا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے اور بہترین ریاستیں وہی ہیں کہ جو اپنی ذمہ داریوں کو بہ احسن و خوبی نبھائیں۔

سورس:وی این ایس،لاہور