رحیم یار خان، ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے ضلع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

24

رحیم یار خان۔13دسمبر  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے ضلع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔اس مہم کے دوران ضلع بھر میں محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جاکر 10لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو  کی ویکسین کے قطرے پلائیں گی ۔  اس حوالے سے محکمہ صحت نے 2ہزار992ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے دو قطرے معصوم بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھ سکتے ہیں ،والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے گھر آنے والی پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین ضرور پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے ساتھ ساتھ ضلع میں کورونا ویکسین مہم بھی جاری ہے ، حکومت کا ویژن ہے کہ پولیو کے خاتمہ اور کورونا سے اپنے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین کا عمل میں بغیر کسی تعطل کے جاری رہے۔